اورکزئی ایجنسی: مقامی قبائل نے علاقائی رواج کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کے گھر جلا دیے۔
اورکزئی ایجنسی کے علاقے ہندواڑہ میں مقامی قبائل کا جرگہ ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دہشت گردوں، ان کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کے خلاف علاقائی رواج کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
فیصلے کی رو سے مقامی قبائل کے رضاکاروں نے دہشت گردوں اور ساتھیوں کے گھروں کو آگ لگا دی، جو گھر جلائے گئے وہ چند روز قبل ایک کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کمانڈر شاہ دوران اور اس کے ساتھیوں کے تھے۔
واضح رہے کہ 22 مارچ کو لوئر اورکزئی کے علاقے عثمان خیل میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں سے جھڑپ ہوئی تھی جس میں میجر اور سپاہی شہید اور 5 دہشتگرد مارے گئے تھے۔ مارے گئے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر شاہ دوران کے نام سے ہوئی جب کہ دیگر دہشتگرد اس کے ساتھی تھے۔