|

وقتِ اشاعت :   March 26 – 2017

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے جب کہ ملک میں جب بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے وزیرداخلہ رضائی اوڑھ کرسوجاتے ہیں۔ کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ قلمدان سنبھالنے نہیں بلکہ خود پر لگے جھوٹے الزامات کا سامنا کرنے کے لئے وطن واپس آیا ہوں، کوئی حکم امتناعی نہیں لیا بلکہ رضا کارانہ طو پر عدالت کے سامنے پیش ہوا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نوازشریف کی طرح عدالتوں پر حملہ نہیں کرتے بلکہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، مجھے عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے اور تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اپنے کرنے کے کام نہیں کرتے اور غیر ضروری چیزوں پر پھرتی دکھاتے ہیں، انہیں صرف اپوزیشن پر گرجنا اور برسنا آتا ہے، جب بھی ملک میں دہشتگردی کا بڑا واقعہ ہوتا ہے تو وہ رضائی اوڑھ کر ایک ہفتے کے لیے سو جاتے ہیں، کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ پر تو ان کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے وزیراعظم اور ان کے خاندان کا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا، وہ سمجھتے ہیں کہ ملک ان کی جاگیر ہے اور جو چاہیں کر سکتے ہیں، چوہدری نثار بھڑکیں نہ ماریں کیونکہ اُن کی ایما پرپاکستان نہیں چلے گا، ہم ان کی مرضی نہیں چلنے دیں گے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ مقابلہ ترقی کا ہی ہونا چاہیے اور ہم مقابلہ کریں گے، نوازشریف تو صرف ایک شہر کے وزیراعظم بن کررہ گئے ہیں اور سندھ میں صرف لولی پاپ دینے آتے ہیں۔