|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2017

لندن: برطانیہ نے انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے واٹس ایپ انتظامیہ سے خفیہ اداروں کو میسجز تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیرداخلہ امبر رُوڈ کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ سروس کا میسجز کو خفیہ رکھنا ناقابل قبول ہے، انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے انٹیلی جنس اداروں کو واٹس ایپ میسجز تک رسائی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی سوشل میڈیا اداروں کے حکام سے اس حوالے سے مذاکرات کیے جائیں گے تاہم گوگل، یوٹیوب اور ورڈ پریس انتہا پسندانہ مواد ہٹانے کی ذمے داری ادا کریں جب کہ سوشل میڈیا سے انتہا پسند مواد کی نگرانی کے اقدامات مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق لندن میں پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے ویسٹ منسٹر پل پر 4 افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آور نے کارروائی سے قبل واٹس ایپ استعمال کیا تھا اور برطانیہ کے خفیہ ادارے حملہ آور کے واٹس ایپ میسجز تک رسائی حاصل نہیں کرسکے تھے۔