|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2017

تربت: یونیورسٹی آف تربت کے اکیڈمک کونسل کا چھٹا اجلاس سٹی کیمپس کے اکیڈمک بلاک میں منعقد ہوا جس کی صدارت تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کی۔اجلاس میں فیکلٹی آف کامرس لاء اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر منیر احمد بلوچ، رجسٹرار ڈاکٹر حنیف الرحمان ،کنٹرولر شعبہ امتحانات تنویر احمد، ڈائریکٹر فنانس غلام فاروق بلوچ، تربت یونیورسٹی گوادر کیمپس کے ڈائر یکٹر اعجاز احمد بلوچ ، انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچر کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد طاہر حکیم ،تمام تدریسی شعبہ جات کے سربراہان، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت محترمہ گوہر، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گوادر پروفیسر خورشید احمد اور پرنسپل گرلز ڈگری کالج پنجگور کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس نے تربت یونیورسٹی کے مین کیمپس تربت اور گوادر کیمپس میں سی پیک سٹڈی سنٹر کے قیام کی منظوری دے دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کہا کہ تربت یونیورسٹی میں روایتی تدریسی نظام کے بر عکس دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام کے تحت درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہے اور علاقے کے لوگوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے تربت یونیورسٹی ایک منظم حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے جس کے ثمرات سے علاقے کے لوگ بہت جلد مستفید ہونا شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے سی پیک سٹڈی سنٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سنٹر کے زیر اہتمام مختلف قومی اور بین الاقوامی کانفرنس، سمینار اور پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔وائس چانسلر نے کہا کہ معیاری اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کا فروغ تربت یونیورسٹی کا نصب العین ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے تربت یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کے کامیا ب انعقاد پر تربت یونیورسٹی کی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تین سال کے اندر کامیاب کانووکیشن کا انعقادتربت یونیورسٹی کا ایک تاریخی کارنامہ ہے جس کو ملک بھر سے پذیرائی ملی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سال ستمبر میں نقل سے پاک بی اے بی ایس سی کے امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اجلاس میں ORICکے زیر اہتمام تربت یونیورسٹی میں انکیوبیشن سینٹر کے قیام، فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ میں نئے پروگرام شروع کرانے، تربت یونیورسٹی میں دوسرے صوبوں کے لئے نشستیں مختص کرانے اور ساڑھے تین سالہ ایم بی اے ریسرچ تھیسس پروگرام کے لئے نئے قوائد و ضوابط طے کرنے کے علاوہ دیگر معاملات زیر غور آئے ۔اجلاس میں مختلف تدریسی شعبہ جات کی جانب سے بورد آف سٹڈیز کے مینٹس کی بھی منظوری دی گئی۔