|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2017

زیورخ: میچ آفیشل سے بدتمیزی پر ارجنٹینا کے فارورڈ لیونل میسی پر چار انٹرنیشنل میچوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے سبب وہ ورلڈ کوالیفائنگ مقابلوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ یاد رہے کہ آںے والے دنوں میں ارجنٹینا کو ورلڈ کپ کے پانچ کوالیفائر مقابلے کھیلنے ہیں اور اس پابندی کے سبب ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم کو پانچ میچوں کیلئے اپنے شہرہر آفاق کھلاڑی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کو چلی کے خلاف میچ میں میسی نے اسسٹنٹ ریفری کیلئے ہتک آمیز الفاظ ادا کیے تھے۔ جنوبی امریکی ٹیم بولیویا، یوراگوئے، وینے زوئلا اور پیرو کے خلاف میچوں میں میسی کی خدمات سے مھروم ہو گئی ہے اور 10 اکتوبر کو ایکواڈور کے خلاف میچ میں ہی میسی اب ارجنٹینا کی نمائندگی کر سکیں گے۔ یاد رہے کہ 10ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کے جنوبی امریکی گروپ میں ارجنٹینا کی ٹیم کے 13 میچوں میں 22 پوائنٹس ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر موجود ہے لیکن نمبر چھ ٹیم سے اس کا فاصلہ محض دو پوائنٹس کا ہے اور میسی کی خدمات حاصل نہ ہونے کے سبب ارجنٹینا کیلئے آئندہ چار میچوں میں بہترین کھیل پیش کرنا ایک مشکل مرحلہ ہو گا۔ اس گروپ سے صف اول کی چار ٹیمیں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ 2018 کیلئے کوالیفائی کر لیں گی جبکہ پانچویں نمبر کی ٹیم ورلڈ کپ تک رسائی کیلئے کسی اور کنفیڈریشن کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ فیفا نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ یہ فیصلہ فیفا ڈسپلنری کمیٹی کی جانب سے اس طرح کے سابقہ فیصلوں کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔