کوئٹہ: رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحق نے کہا ہے کہ کرپشن کے تدارک کے لئے سول سوسائٹی اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب اور بلوچستان بزنس وویمن ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار بعنوان”بدعنوانی کے خاتمے میں خواتین کا کردار” کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق سیکریٹری خزانہ محفوظ علی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نیب فیصل قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحق نے کہا ہے کہ کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے۔ کرپشن سے ملکوں کی تباہی اور غریب عوام کی حق تلفی ہوتی ہے۔ کرپشن کسی بھی معاشرے کی ترقی اور استحکام میں بڑی رکاوٹ ہے جس کے نتائج بھیانک اور خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں جس سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔ خواتین کی شرکت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو چاہئے کہ وہ ووٹ کسی کرپٹ عناصر کو نہ دے۔ اس طرح کے عناصر کو اسمبلیوں میں لانے سے گریز کریں تاکہ غریب عوام کی حق تلفی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا ووٹ امانت ہے جس کا صحیح استعمال کرکے لوگوں کا حق ان تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیب کے ساتھ مل کر بدعنوانی کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں۔ قبل ازیں تقریب سے ڈائریکٹر نیب فیصل قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف نیب کی جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں نیب تمام طبقوں سے مل کرکرپٹ عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں۔ ہم سب دیانتداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرپٹ عناصر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور لوگوں کو انصاف دیں یہ بھی ایک اہم ذمہ داری ہے جس کو پورا کرنا چاہئے۔ تقریب کے اختتام پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحق اور دیگر کو نیب کی جانب سے شیلڈ بھی دیئے گئے۔