کابل: افغانستان میں امریکی ڈرون حملے اور افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اورفضائی کاروائیوں میں حقانی نیٹ ورک کے 2کمانڈروں اور طالبان کے فرضی گورنر سمیت 50شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ داعش کے خلاف کاروائی کے دوران ایک امریکی فوجی بھی مارا گیاجبکہ شدت پسندوں کے مختلف حملوں میں 13سیکورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوگئے ۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ قندوز میں امریکی فوج کے ڈرون حملے میں شیڈو گورنر سمیت طالبان کے 12 دہشت گرد مارے گئے۔افغان حکام کا کہنا ہے کہغیر ملکی فوج نے ڈرون کے ذریعے ایک کمپاونڈ میں موجود طالبان کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔حکام نے دعوی کیا کہ کارروائی گزشتہ دوپہر کی گئی ،جس میں شیڈو گورنر سمیت طالبان کے 12 دہشت گردہلاک ہوگئے۔طالبان کی جانب سے اس فضائی کارروائی پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔مشرقی صوبہ ننگرہار میں سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشن میں داعش کے 25جنگجو ہلاک ہوگئے ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندو ں کو زمینی اور فضائی کاروائیوں میں نشانہ بنایا گیا۔آپریشن گزشتہ 24گھنٹوں میں ضلع آچن میں کیا گیا۔ہلاک ہونے والے شدت پسندو ں میں زیادہ تعداد غیر ملکیوں کی ہے جن کی لاشیں علاقے میں اب بھی موجو دہیں۔افغان سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا۔صوبہ غزنی میں افغان ائیر فورس کی کاروائی میں حقانی نیٹ ورک کے 2کمانڈر مارے گئے ۔صوبائی پولیس چیف امین اللہ امرخیل کا کہنا ہے کہ فضائی کاروائی میں شدت پسندوں کو ضلع غیرو کے گاؤں پارچ میں نشانہ بنایا گیا۔انکاکہنا ہے کہ ہلاک کمانڈروں کی شناخت مولوی راشد اور مولوی محمد گل نفیس کے نام سے ہوئی ہے ۔حملے میں حقانی نیٹ ورک کے دیگر 4جنگجو بھی مارے گئے ۔حملے میں شدت پسندوں کی اسلحہ سے بھری ایک گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ادھر جنوب مشرقی صوبہ پکتیکا میں فضائی کاروائی میں القاعدہ کے 3جنگجو مارے گئے ۔وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کا کہنا ہے کہ فضائی کاروائی ضلع جانی خیل کے علاقے میں کی گئی ۔اس سے قبل امریکہ محکمہ خارجہ نے گزشتہ ماہ پکتیکا میں القاعدہ کے اہم رہنما کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی ۔افغان سیکورٹی فورسز پر شدت پسند وں کے مختلف حملوں میں 13اہلکار ہلاک ہوگئے ۔شمالی صوبہ بلغ کے گورنر کے ترجمان منیر احمد فرہاد کا کہنا ہے کہ ضلع چمتل میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 9سیکورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے یہ اہلکار علاقے میں طالبان کے خلاف آپریشن میں مصروف تھے اس دوران 5دہشتگرد ہلاک اور متعد د زخمی ہوئے ۔ایک اور واقعے میں صوبہ جاؤزجان کے ضلع درزاب میں داعش کے حملے میں یونٹ کمانڈر سمیت 4سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔دوسری جانب افغانستان کے مشرق میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف کارروائی کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے ترجمان امریکی نیوی کے کیپٹن بل سالوون نے بتایا کہ یہ فوجی صوبہ ننگرہار میں داعش خراسان کے خلاف کیے گئے آپریشن میں ہلاک ہوا۔داعش خراسان شدت پسند تنظیم کا حصہ ہے جو کہ افغانستان، پاکستان اور جنوبی ایشیا کے دیگر حصوں میں سرگرم ہے۔ مرنے والا فوجی امریکی اسپیشل فورسز کا رکن تھا۔ننگرہار، افغانستان میں عسکریت پسندوں کا ایک مضبوط گڑھ ہے۔