|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2017

کوئٹہ : چیف اکنامسٹ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات غوث بخش مری نے کہا کہ کارآمد اور مستند اعدادوشمار کی دستیابی سے ترقیاتی اہداف ودیگر ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت ممکن ہے جبکہ اس حوالے سے بلوچستا ن ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے سے مستند اعدادوشمار کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے مرتب کئے جانے والے ملٹی پلکلسٹر انڈی کیٹر سروے کے پہلے ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جوائنٹ چیف اکنامسٹ محمد آصف، شفیق الرحمن، عبدالباری خان، چیف آف سیکشن (مکس) عارف حسین شاہ، عالمی ادارہ یونیسف کے پلاننگ مانیٹرنگ وایولیشن آفیسر عمر درانی، محکمہ صحت، تعلیم، پی ایچ ای، سماجی بہبود، ویمن ڈویلپمنٹ، بیورو آف سٹیٹکس سول سوسائٹی ودیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف آف سیکشن (مکس) عارف حسین شاہ نے بتایا کہ حکومت بلوچستان ویونیسف کے تعاون سے سال 2010ء4 میں مکس جامع رپورٹ جاری کی تھی جس میں بلوچستان کے متعلقہ محکموں کے اعدادوشمار کو جامع انداز میں ایک کتابچے کی صورت میں پیش کیا گیا تھا، علاوہ ازیں اسی تناظر میں ضلعی ترقیاتی پروفائل وضلع نقشوں میں ترقیاتی اہداف کو بھی کتابچے کی صورت میں پیش کیا گیا تھا ان جامع کتابچوں میں مستند اعدادوشمار کا ڈیٹا لیا گیا تھا اور اس سے ترقیاتی اہداف میں مستند اعدادوشمار مہیا کئے گئے تھے۔ ملکی اور غیرملکی سطح پر اس کو بڑی پذیرائی ملی تھی۔ اسی طرح اس سال بھی یونیسف کے تکنیکی ومالی تعاون سے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات نئے انڈی کیٹرز پر کام کرے گی اور اس حوالے سے صوبے کے تمام اضلاع میں تقریباً بیس ہزار گھرانوں کو اس سروے میں شامل کیا جائے گا جس میں اقوام متحدہ کے مرتب کردہ پائیدار ترقیاتی اہداف جو کہ 34ہیں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا جبکہ مکس کے 169انڈی کیٹرز کے بغور جائزہ وتکنیکی پہلوؤں کے من وعن جائزہ لینے کے بعد تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے صلاح ومشورہ بھی ترجیحی بنیادوں پر اس سروے میں شامل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر چیف اکنامسٹ غوث بخش مری نے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سروے میں بڑ چڑھ کر حصہ لیں اور مستند اعدادوشمار تک رسائی حاصل کرتے ہوئے محکمہ ہٰذا کو رپورٹ پیش کریں جبکہ کسی بھی تکنیکی صلاح ومشورے میں قباحت سے ہرگز کام نہ لیں اور یونیسف ومحکمہ منصوبہ بندی وترقیات کو اس میں ہمہ وقت آگاہ کرتے رہیں تاکہ ان کی رہنمائی کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات ویونیسف کے تعاون سے اس سروے کے انتہائی مثبت پہلو ابھر کر سامنے آئیں گے جس سے ترقیاتی اہداف کے حصول میں حائل مستند اعدادوشمار مہیا ہوسکیں گے جو کہ ملکی اور غیرملکی سطح پر انتہائی کارگر ثابت ہوگا۔