|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2017

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں حج پالیسی، نئی ہاؤسنگ اسکیمز اور گیس کنیکشنز سمیت اہم منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے شرکا کو نئی ہاؤسنگ اسکیموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کم آمدن متوسط طبقے کے لئے ہاؤسنگ ماڈل پیش کئے، اس کے علاوہ احسن اقبال نے کابینہ کو اراضی کے حصول اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ملک بھر میں گھروں کی ضرورت پوری کرنے کے لئے کوشاں ہیں، حکومت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے غریبوں کی مدد کرنا چاہتی ہے، ترقیاتی اسکیموں کے باعث شہروں کی منتقلی تیز ہو گی۔ بعد ازاں وفاقی کابینہ نے ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے سربراہ وزیر ہاؤسنگ ہوں گے اور کمیٹی 10 روز میں اپنی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو پیش کرے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی 2017 کی منظوری بھی دی گئی جس کے مطابق رواں برس 60 فیصد لوگ سرکاری حج اسکیم کے تحت جب کہ 40 فیصد پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت جا سکیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے عزام کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے گیس کنیکشنز پر 2009 سے عائد پابندی بھی اٹھانے کی منظوری دیدی۔