|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2017

اسلام آباد: بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا نے پاکستان سے ایک بار پھر کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی مانگی ہے اور کہا ہے کہ کلبوشن بھارتی شہری ہے اس سے ملنے کی اجازت دی جائے۔ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا نے اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد بھارتی ہائی کمشنر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کا وقت مانگا تھا جس کامقصد بھارتی شہری کلبھوش یادو تک قونصل رسائی حاصل کرنا ہے اور آج کی ملاقات میں بھی کلبھوشن یادو کو سزا کا معاملہ ہی زیربحث آیا۔ بھارتی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو بھاتی شہری ہے اس سے ملنے کی اجازت دی جائے اور ملاقات میں بھی پاکستان سے دو مطالبات کئے جس میں کلبھوشن یادیو پر عائد چارج شیٹ اور عدالتی فیصلے کی مصدقہ کاپی مانگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک بارپھر کلبھوشن یادیو تک رسائی دینے کا منع کردیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی جاسوس پر سنگین مقدمات میں ملوث ہونے کا جرم ثابت ہوچکا ہے جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔