کوئٹہ : اسلامی نظریاتی کونسل کے سربراہ مولانا محمدخان شیرانی نے کہاہے کہ بین الاقوامی حالات بہتر نہیں ہے چوتھی عالمی جنگ شروع ہوچکی ہے امریکہ دنیا میں نئے نقشے بنانے کی تیاری کررہا ہے پاکستان اور سعودی عرب کو امریکہ غیر فطری ریاست تصور کرتا ہے،ملک میں پانامہ ہو یا کوئی نامہ یہ سب ڈرامہ ہے ان خیالات کااظہار مولانامحمدخان شیرانی نے سراوان ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی حالات تیزی کے ساتھ خراب ہوتے جارہے ہیں اب چوتھی عالمی جنگ جیسا ماحول بن چکا ہے امریکہ دنیا میں نئے نقشے بنانے کی تیاری کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1945ء کے بنائے گئے نقشوں کو اب تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو امریکہ کا خاص ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ ہمارا دوست نہیں امریکہ آج بھی پاکستان اور سعودی عرب کو غیر فطری ریاست تصور کرتا ہے جس پر ہمیں غورکرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں پانامہ ہویاکوئی نامہ سب ڈرامہ ہے ان کی کوئی اہمیت نہیں انہوں نے کہاکہ ادارے خود کرپشن کررہے ہیں جبکہ سیاستدان اپنے پاوں پر کلہاڑی ماررہے ہیں انہوں نے کہاکہ حکمران جس پالیسی پر عمل پیرا ہیں وہ ان کیلئے خود نقصاندہ ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ تحفظ پاکستان ایکٹ کا قانون پاس کیاگیا ہے، اب جو شخص کہہ دے کہ میں غدار ہوں اسے سزا ملے گی اگر انکار کرے تو پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی۔ ہم کسی زمانے میں جسے جہاد کہتے تھے اب اسے دہشت گردی کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسی پالیسی کے تحت 60 تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے،اگر کسی نے مذہب وفرقہ کا نام استعمال کیاتو اسے فوجی عدالت میں لے جائیں گے انہوں نے کہاکہ جنوری 2017ء کو جب فوجی عدالت کا معاملہ آیا تو اسے ضروری قرار دیا گیااب یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ اب بھی وقت ہے ہم دشمن اور دوست میں تمیز پیداکریں تاکہ برے وقت میں ہمارے لوگ ڈٹ کر سخت حالات کا مقابلہ کرسکیں۔