|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2017

شام میں حکومت کے زیر انتظام علاقوں میں سے پناہ گزینوں کو لے جانے والی بسوں کے قافلے پر بم حملے کے نتیجے میں ‘اب تک 112 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔’ انسانی حقوق کی تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق دھماکے میں بچوں سمیت 98 پناہ گزینوں کے علاوہ امدادی کاروائیاں کرنے والے اور چند باغی فوجی بھی ہلاک ہو گئے۔ گروپ کا کہنا کہ دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ یہ واقعہ شام میں حلب کے نزدیک باغیوں کے زیر انتظام علاقے راشدین میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً ساڑھے تین بجے مقامی وقت پر ایک چیک پوائنٹ پر یہ بم دھماکہ ہوا۔ بی بی سی کی نمائندہ لینا سنجاب نے بتایا کہ کھانے سے بھری ایک وین پناہ گزینوں کی بسوں تک پہنچی اور لوگوں میں کھانے تقسیم کرنے لگی جس سے کئی بچے بھی وین کے قریب پہنچے لیکن اس کے کچھ دیر بعد ہی دھماکہ پیش آ گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ حکومتی اجازت کے بغیر یہ گاڑی کیسے وہاں تک پہنچ گئی۔ ابھی تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں جس سے یہ ثابت ہو کہ بم دھماکے میں باغی جنگجو ملوث ہیں۔ دونوں فریقوں نے ‘چار علاقوں’ کے بارے میں معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق جنگ سے متاثرہ لوگوں کے لیے مدد کی جانی تھی۔ اس معاہدے کے مطابق 30000 افراد باغیوں اور حکومت کے دو دو علاقوں سے نکالے جانے تھے۔ حکومت کا کنٹرول فوح اور کیفرایا نامی علاقوں میں ہے جبکہ باغیوں کی زیر انتظام مدایا اور زبادانی کے علاقے ہیں۔ کل ہونے والا بم دھماکہ کیفرایا کے علاقے کے قریب پیش آیا۔ فوح اور کیفرایا میں اکثریت شیعہ مسلمانوں کی ہے اور ان علاقوں کو باغیوں اور القاعدہ سے منسلک سنی مسلم جنگجوؤں نے مارچ 2015 سے گھیرے میں لیے ہوا ہے۔ مدایا اور زبادانی کے علاقے سنی اکثریت کے ہیں اور جون 2015 سے انھیں شام کی فوج نے گھیرا ہوا ہے۔