|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈکیتی ، راہزنی اور چوری کی وارداتوں اور گزشتہ روز کلی بڑو میں موٹرسائیکل چھیننے کے دوران نوجوان کو قتل کر نے والے ملزم کی عدم گرفتاری کے خلاف مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ، اختر حسین لانگو، سردار محمدعمران بنگلزئی، غلام نبی مری، احمد نواز سمیت دیگر کی سر براہی میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیامظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بدامنی ، چوری ، ڈکیتی کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہے حکومت نام کی کوئی چیز نہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے مقررین نے کہا کہ چند روز قبل کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی بڑو میں غفار مری نامی نوجوان کو دن دیہاڑے قتل کر کے نامعلوم ڈاکو موٹرسائیکل چھین کر لے گئے چار روز گزرنے کے باوجود تا حال پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے اس کے قاتلوں کو گرفتار کر نے میں ناکام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ اس کے لواحقین انصاف کے طلب گار ہے کہ حکومت اور قانو ن نافذ کرنیوالے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر اور نواحی علاق میں چوری ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہو چکا ہے قانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی جس کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں کے سر براہوں نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں امن وامان کے قیام کے بلند وبانگ دعوے کئے تھے لیکن آج بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں نے ان کے دعوؤں کی قلعی کھول دی انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے فوری طورپر غفار مری کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں اگر جرائم کی وارداتوں کا تدارک کرنے کے لئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو بلوچستان نیشنل پارٹی مزید احتجاج کے پروگرام کو وسعت دے گی جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور پولیس پر عائد ہو گی۔