|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2017

خضدار: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ عوام مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں طویل عرصے بعد مردم شماری اور خانہ شماری ہورہی ہے ،اس وقت ہماری آبادی کافی حد تک بڑھ چکی ہے ، جن کا شمار انتہائی اہم اور لازمی ہے لہذا اس حوالے سے ہر فرد اپنی ذمہ داری کو سمجھ کر مردم شماری میں حصہ لیں، چونکہ مردم شماری کے ذریعے ہی وسائل تقسیم ہوتے ہیں تو کیونکر ہم اپنے وسائل میں کمی کریں اس کے لئے ضروری ہے کہ ہر فرد ہر خاندان اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا فرد اپنی ذمہ داری سمجھ کر مردم شماری کا حصہ بنیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ خضدار کے عوام بالخصوص نیشنل پارٹی کے ورکرز اور تمام یونٹ سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز، تحصیل کونسل کے ممبران انفرادی طور پر مردم شماری کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کرتے ہوئے حصہ لیں۔انہوں نے کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ گھر گھر جا کر لسٹ خود تیار کردیں اور اپنے آس پاس گھرانوں و خاندانوں کی مردم شماری کریں ۔اور اس قومی فریضہ کو بخوشی سرانجام دیں انہوں نے کہا کہ سو فیصد مردم شماری کی کامیابی وقت کی اہم ضرورت ہے اس کے لئے تمام افراد اپنی شرکت یقینی بنائیں اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔یہ ہماری تمنّا تھی کہ بلوچستان میں صا ف و شفاف انداز میں مردم شماری ہو اور اس میں پاکیزہ انداز میں بلوچستان کے عوام کااندراج ہو ۔انہوں نے کہاکہ تمام طبقات اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرادیں ۔میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ مردم شماری و خانہ شماری کو کامیاب بنانے کے لئے کارکن لسٹیں تیار کرکے مردم شماری میں بھر پور انداز میں حصہ لیں اور کوشش کریں کہ ایک گھر اور ایک خاندان بھی مردم شماری سے نہ رہ پائے انہوں نے کہاکہ مردم شماری ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ترقی کا سامان مہیا کرے گی تو کیونکر ہم اس عمل سے دور رہیں تمام طبقات اپنا فریضہ سمجھ کر مردم شماری میں حصہ لیں ۔