کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں متعدد بے گناہ افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کی اس بزدلانہ کاروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بچے کچے دہشتگردعناصر اپنے خاتمے سے قبل آخری حربے کے طور پر ایسی مذموم کاروائیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد پوری قوت اور کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ دہشتگردوں نے اگرچہ ایک مرتبہ پھر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے یہ مذموم حرکت ضرور کی ہے مگر ان عناصر کے بیرونی آقاؤں اور سرپرستوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ ان کا انجام مزید قریب تر آن پہنچا ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہم اپنی دھرتی سے انکا وجود مٹادیں گے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔