خیبرایجنسی: پاک فوج نے افغانستان سے پاکستانی علاقے خیبر ایجنسی میں داخل ہونے والے دہشت گردوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور کئی فرار ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان صوبہ ننگرہار سے پاکستانی حدود خیبرایجنسی میں داخل ہونے والے دہشت گردوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جب کہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد واپس افغان صوبے ننگرہار فرار ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بناکر تباہ کردیا گیا۔
دوسری جانب پاک فوج نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے غاروں میں چھپایا گیا اسلحہ کا ذخیرہ پکڑ لیا۔ پولیٹیکل ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے اسلحہ وادی زنگوٹئی میں 2 غاروں کے اندر چھپایا تھا جس میں 275 راکٹ اور بھاری اسلحہ کے سیکڑوں راؤنڈ شامل ہیں جب کہ ایک غار کے اندر مخصوص حالات میں چھپنے کا خاص انتظام اور مہارت سے محفوظ ٹھکانہ بھی بنایا گیا تھا۔