|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے تربت کے علاقے گواگ اور مند میں دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کامیاب کاروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن رد الفساد کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں تربت اور پسنی میں دہشتگردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشتگرد حملوں کے پیش نظر یہ ضروری ہوگیا تھا کہ ان عناصر کے خلاف فوری اورسخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت صوبے میں امن وامان کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے جس سے امن وامان کی صورتحال میں بڑی حد تک بہتری آئی ہے اور دہشتگرد عناصر دوبارہ اپنی بلوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں تاہم سیکورٹی فورسز ان کا پیچھا کررہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشتگردوں کی بیخ کنی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے اپنے عزم پر مضبوطی سے قائم اور کاربند ہے اور ملک دشمن عناصر کو ہرگزدوبارہ سراٹھانے اور معصوم اور بے گناہ لوگوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے جس جذبے سے برسرپیکار اور قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہیں اس کیلئے وہ لائق صد تحسین و افتخار ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک کے ہر حصہ سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی اور امن لازم و ملزوم ہیں صوبے میں امن قائم ہونے سے ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے اب دہشتگردوں کی بجائے سرمایہ کار بلوچستان آرہے ہیں جو بہت بڑی تبدیلی کی بنیاد ہے۔ وزیراعلیٰ نے دہشتگروں کے خلاف بھرپور کاروائی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے اور ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کرنے پر سیکورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کی ہے۔