|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2017

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے متعلقہ ادارے توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری پانی وبجلی نے بجلی کی پیداواراور طلب پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگلے مہینے مزید 400 میگا واٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی جب کہ رواں ماہ کے دوران 866 میگا واٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کی گئی جس سے کمی دور ہوگئی ہے۔ وزیراعظم کو نیپرا کے ساتھ ٹیرف اور گرمیوں کے لیے لوڈمینجمنٹ پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نوازشریف نے لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی نہ ہونے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ گزشتہ اجلاسوں میں دی جانی والی ہدایات پرعمل کیوں نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے لوڈشیڈنگ کے موجودہ دورانیے پرسخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے متعلقہ ادارے توجہ نہیں دے رہے، بجلی کی صورتحال کی ہر گھنٹہ نگرانی کی جائے اور فرنس آئل پلانٹ کوئلہ پر لانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔