|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں وڈھ کی سب تحصیل سارونہ ، اورناچ ، آڑنجی ، شاہ ہورانی میں خانہ شماری ، مردم شماری کے عمل کوشروع نہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چار دن گزر جانے کے باوجود ٹیموں اور سامان کانہ پہنچناکوئی سوالوں کو جنم دیتا ہے پارٹی نے اس سے قبل بھی جن خدشات و تحفظات کا مختلف پلیٹ فارم پر اظہار کیا ہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں خانہ شماری ، مردم شماری کے عمل کی تیاریاں نہیں کی گئی ہیں اور سے ملحقہ علاقوں میں چار روز گزرنے کے باوجود خانہ شماری ، مردم شماری کی ٹیموں کا پہنچنا درکنار اب تک تو مردم شماری سے متعلق کوئی اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ خانہ شماری ، مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں بلوچستان کے بلوچ علاقوں میں سست روی دکھائی دیتی ہے اس سے قبل جب پارٹی نے جن خدشات و تحفظات کے حوالے سے مختلف فورمز پر آواز بلند کی ان کا مقصد بھی یہی تھا کہ بلوچستان ایک وسیع و عریض سرزمین ہے یہاں مردم شماری کروانے میں کئی مسائل درپیش ہوں گے لیکن حکمرانوں نے اس حوالے سے عملی اقدامات نہ اٹھائے بلوچستان کا بلوچ علاقہ جو وسیع و عریض اور دور دراز علاقوں پر مشتمل ہے حکمرانوں اور محکمہ شماریات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فوری طور پر اقدامات کریں کیونکہ مردم شماری کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہمیں قوی یقین ہے کہ سارونہ ، اورناچ ، آڑنجی میں مردم شماری کے عمل کا شروع نہ کرنا صوبائی حکومت کی جانب سے گہری سازش ہے پارٹی بیان میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر ساورنہ ، اورناچ ، آڑنجی میں عملہ بھیج کر خانہ شماری ، مردم شماری کا عمل شروع کیا جائے اس کے برعکس پارٹی خاموش نہیں رہے گی اور کسی کو یہ اختیار نہیں دے گی کہ ان علاقوں کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا جائے مردم شماری سے متعلق پارٹی نے جن خدشات کا اظہار کیا گیا وہ آج درست ثابت ہو رہے ہیں پارٹی صاف شفاف مردم شماری کی ہرگز مخالف نہیں لیکن ایسے مسائل و مشکلات کھڑی کی جا رہی ہیں اور لوگوں کو سازش کے تحت مردم شماری ، خانہ شماری کے عمل سے دور رکھنا درست اقدام نہیں دوسری جانب دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کسی کو مردم شماری سے دور نہیں رکھا جائیگا لیکن اب تک تو ان علاقوں میں عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے پارٹی ہر فورم پر آواز بلند کرتے ہوئے احتجاجی کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔