|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2017

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے اور اس شہر میں امن ہو گا تو پورے ملک میں امن ہو گا اور دشمنوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔ کراچی میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی شہر ایک شخص کے ہاتھوں یرغمال تھا، وہ کہتا تھا کہ آگ لگا دو تو پورے شہر میں آگ لگا دی جاتی تھی اور عوام کی املاک جلا دی جاتی تھیں، وہ کہتا تھا کہ شہر بند کرادو تو پورا شہر بند ہو جاتا تھا لیکن آج حالات بہت بدل چکے ہیں، کراچی میں امن کے لئے انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی آپریشن میں ہماری تمام انٹیلی جنس ایجنسیز نے تاریخی کردار ادا کیا جب کہ شہر کو دہشت گردی اور جرائم سے بچانے کے لئے جو انٹیلی جنس شیئرنگ کی ہے وہ بھی تاریخی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سالوں میں رینجرز اور دیگر انٹیلی جنس اداروں نے اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر فرائض انجام دیئے، رینجرز نے ساڑھے 9 ہزار انٹیلی جنس آپریشن کئے جس میں منوں کے حساب سے اسلحہ و بارود پکڑا گیا۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے، اس شہر میں امن ہو گا تو پورے پاکستان میں امن ہوگا اور دشمن کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ہر تین مہینے بعد صرف رینجرز اختیارات کو بنیاد بنا کر جو رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں یہ سلسلہ بند ہونا چاہیئے کیونکہ یہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ کراچی میں امن کے لئے کارروائی کرتے ہیں، انہیں تنقید کرنے کی نہیں بلکہ ان کی خدمات کو سراہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کا سامنا صرف بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ افراد سے نہیں بلکہ غیر ملکی طاقتوں سے بھی ہے اور کچھ ہمارے دوست نما دشمن بھی ہیں، فورسز کو آپریشن کے ساتھ عوام کی خدمت بھی کرنی ہے اور عوام کے دل جیتنے کی جنگ میں بھی کامیابی سے آگے بڑھنا ہے۔