|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2017

اسلام آباد: ڈان اخبار میں شائع ہونے والی ایک خبر کے معاملے میں مبینہ طور پر کردار ادا کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔ دوسری جانب پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی خان کے خلاف بھی ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن (ای اینڈ ڈی) رولز 1973 کے تحت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے دستخط سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ڈان اخبار کی خبر کے معاملے پر بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی جبکہ ان ہی کی روشنی میں یہ اقدامات اٹھائے گئے۔ علاوہ ازیں یہ معاملہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کو ارسال کردیا گیا۔ اعلامیے میں اے پی این ایس کو ایک ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کو کہا گیا ہے، جو خاص طور پر پرنٹ میڈیا کے لیے ملکی سلامتی کے معاملات پر رپورٹنگ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کا تعین کرے گا اور ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنائے گا کہ قومی اہمیت اور سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر خبریں صحافت کے بنیادی اور ادارتی اصولوں کے خلاف شائع نہ ہوں۔ مزید کہا گیا کہ اس سلسلے میں متعلقہ وزارتیں اور ڈویژنز مزید کارروائی کرسکتی ہیں۔ اعلامیے میں استعمال کی گئی زبان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کی یہ سفارشات، انکوائری رپورٹ کے پیراگراف 18 میں کی گئی ہیں، جسے اب تک عوام کے سامنے نہیں لایا گیا ہے۔