کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیرملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان اسلم کے مطابق ایف آئی اے نے ایک روز قبل گرفتار ہونیوالے نادرا اہلکار آذان اختر کی نشاندہی پر نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی احمد بلوچ کو جناح روڈ سے گرفتار کرلیا۔ ملزم کو تفتیش کیلئے ایف آئی اے دفتر منتقل کردیا گیا ۔یاد رہے کہ ایف آئی اے نے ایک روز قبل نادرا کے جونیئر ڈیٹا انٹری آپریشن آذان اختر اور دوایجنٹس کو گرفتار کیا تھا۔ذرائع کے مطابق دوران تفتیش نادرا اہلکار آذان اختر اور ایجنٹس نے ایف آئی اے کو بتایا ہے کہ وہ نادرا اور پاسپورٹ آفس کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے پچاس ہزار روپے سے لیکر دو لاکھ روپے میں غیرملکیوں کو شناختی کارڈ بناکر دیتے تھے جبکہ پاسپورٹ کیلئے تین لاکھ روپے تک لئے جاتے تھے۔اس سلسلے میں پاسپورٹ آفس کا پہلے سے گرفتار اہلکار بھی ملوث تھا۔ ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس اور نادرا اہلکاروں کے خلاف شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا ہے۔