کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کے ادویہ سازی اور خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 6ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام اور متعدد میڈیکل سٹورز مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ۔گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں غیر معیاری ،نان رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کے ادویات بنانے اور اس کی فروخت کے مقدمات میں نامزد ملزمان کے کیسز کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے پیش نہ ہونے پر اونیکس فارما کے مالک معاذ محمود ،ڈرگ فارما لاہور کیس میں نامزد منیجنگ پارٹنرز محمد شعیب ،طاہر نواز ،گلشن بٹ اور عبدالجبار ،سرووفارما کے میڈیکل کوارڈینیٹر ڈاکٹر انور، وٹامن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو خالد احمد ملک، سیٹ رو فارما کے ایگزیکٹو آفیسر فرحان خان کے ناقابل ضمانت جبکہ اسی کمپنی کے ہی چیف سائنٹیفک آفیسر نگہت افزاء کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے اس کے علاوہ نیٹ کیور پاکستان کے الطاف حسین کے دو مختلف کیسز میں پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے اسی طرح صالح میڈیکل سٹور گوادر کے کیس میں نامزد ملزم عبدالحنان ،عرفان میڈیکل سٹور پشتون آباد کے محمد عرفان ،مکہ میڈیکل سٹور کچلاک کے علی مراد ،فیصل میڈیکل سٹور ژوب کے عبدالجلیل کے بھی سماعت کے موقع پرعدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے اس کے علاوہ عدالت نے ہٹ نیچرل فارما کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عابد گیلانی ،آصف محمود شاہ پر فرد جرم عائد کرنے کے بھی احکامات دے دئیے ہیں جبکہ متعدد کیسز میں گواہان استغاثہ کے بیانات بھی قلم بند کرلئے گئے ہیں اور بعدازا ں مقدمات کی سماعت کو مختلف تاریخ کیلئے ملتوی کردیاگیا۔