|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2017

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان میں بہتری آئی ہے، منفی عناصر کے مزموم مقاصد ناکام بنادئیے گئے ہیں، اب ہمارے نوجوان پہاڑوں پر نہیں بلکہ یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں جارہے ہیں،ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنانے کے لئے پرعزم ہیں اور اب کسی کو بھی اپنے بچوں کو ورغلانے کا موقع نہیں دینگے۔ سی پیک کے منصوبوں میں روزگار کے حصول کے لئے نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر کے انہیں ہنرمند بنائیں گے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزید ٹیکنیکل انسٹیٹوٹ اور ووکیشنل سینٹرزقائم کیے جائیں گے۔ اساتذہ محنت اور لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیں کیونکہ ہم سب نے مل کر نوجوان نسل کو تعلیم یافتہ، ہنرمند اور بلوچستان کو خوشحال صوبہ بنانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین اور گرلز پولی ٹیکنک کالج کوئٹہ کی خواتین لیکچرارز سے بدھ کے روز علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں صلاحیت کی کمی نہیں ، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے خلوص نیت سے کام کرناہوگا اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید فنی علوم سے بھی آراستہ کرنا ہوگا، اس سلسلے میں حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے، صوبے کے مختلف اضلاع میں مزید ٹیکنیکل انسٹیٹوٹ قائم کیے جارہے ہیں اور پہلے سے موجود ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس کو مزید فعال بنایا جارہا ہے تاکہ سی پیک کے منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ مقامی افراد کو روزگار مل سکے ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل روشن ہے ، ہم نے مزید محنت اور ایمانداری سے کام کرکے بلوچستان کو ملک کا خوشحال ترین صوبہ بنانا ہے، حکومت صوبے بھرمیں جدید تعلیم بالخصوص فنی علوم کے فروغ کے لئے شروع دن سے کوشاں ہے جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوں گے ہیں۔ اس موقع پر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین نے وزیر اعلیٰ ویمن یونیورسٹی میں انڈر پاس کی تعمیر اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی نوشکی اور خضدار کیمپس کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ویمن یونیورسٹی کوئٹہ میں انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ جلد شروع کیا جائیگا اور ویمن یونیورسٹی خضدار کیمپس کو درپیش مسائل کوہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ اٹھایا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خضدار کیمپس کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع میں قائم یونیورسٹی کیمپسز میں طالبات کی رہائش کے لئے ہاسٹل کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ ان کی رہائش کا مسئلہ حل ہو۔ وزیر اعلیٰ نے پولی ٹیکنیک کالج کی خواتین لیکچرارز کو یقین دلایا کہ ان کے ٹائم اسکیل اور دیگر مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔