|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2017

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے جنت نظیر وادی میں بڑے پیمانے پر نئے فوجی آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری ظلم و جبر کے نئے سلسلے کا آغاز کردیا ہے، قابض فوج نے ضلع شوپیاں کے 20 سے زائد دیہات کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے، آپریشن گزشتہ رات شروع کیا گیا تھا جب کہ آپریشن میں ہیلی کاپٹرز کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ کشمیر میڈیا سیل کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں کشمیریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے جب کہ متعدد مقامات پر بھارتی فوج اور نہتے کشمیریوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ سوپور میں بھی صبح سے ہی اسکول اور کالجوں مین زیر تعلیم بچیوں اور بچوں نے آزادی کے حق میں مطاہرہ کیا لیکن قابض بھارتی فوج نے انہیں بھی نہ بخشا۔ آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج میں درجنوں طلبہ زخمی جب کہ متعدد بے ہوش ہوگئے جن میں طالبات کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں 9 اپریل کو ہونے والے ڈھونگ ریاستی انتخابات کے بعد سے پوری وادی کے عوام بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جسے دبانے کے لئے قابض بھارتی فوج کی جانب سے طاقت کا بے رحمانہ استعمال کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 10 نوجوان شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔