|

وقتِ اشاعت :   May 10 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں بارات لے جانے والی پولیس کی بس بے نظیر پل کے بیرئیر سے ٹکرا گئی ، حادثے میں سات بچے زخمی ہوگئے۔ بروری روڈ پر رکشہ اور موٹرسائیکل میں ٹکر سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کلی اسماعیل سے بارات لے کر سریاب جانے والی پولیس کی کوسٹر بس اسپنی روڈ پر بے نظیر پل پر چڑھتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی۔ بس کی چھت پر سوار بچے بینظیر پل کے اوپر بھاری ٹریفک کو روکنے کیلئے لگائے گئے بیریئر سے ٹکرا کر نیچے گر گئے اور زخمی ہوگئے۔ ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر فرید سمالانی کے مطابق سات زخمی بچوں کو سول اسپتال کے ٹراما سینٹر لایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ بچوں کو سر اور جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے ہیں اور ان میں سے ایک کو شدید چوٹ لگی ہے۔ زخمیوں میں7 سالہ لائبہ دختر محمد رمضان ،10 سالہ اقصیٰ دختر محمد رمضان، 8 سالہ غلام مصطفی ولد شفقت اللہ ،8سالہ عبدالسلام ولد مڑمد ادریس ،7سالہ محمد جان حاجی نذیر ، 10 سالہ نازش دختر محمد ادریس اور 14 سالہ احمد فراز ولد محمد ایاز اقوام لانگو ساکنان کلی اسماعیل کوئٹہ شامل ہیں۔ دوسرا واقعہ بروری روڈ پر پیش آیا جہاں موٹرسائیکل اور رکشے کے تصادم میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ عظیم ولد پرویز مسیح سکنہ عیسیٰ نگری اور صدیقی ولد طور خان ملاخیل سکنہ رغون روڈ کو بی ایم سی اسپتال منتقل کردیا گیا۔