کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مستونگ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے آئی جی پولیس اور سیکریٹری داخلہ کو 24گھنٹے کے اندر واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے بم دھماکے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بزدل دہشت گردجو آخری دموں پر ہیں نے ایک مرتبہ پھر کمزور ہدف کو نشانہ بنایا ہے تاہم بچے کھچے دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کاموقع نہیں دیا جائیگا اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کو سختی سے کچل دیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں، عوام کے تعاون اور حکومتی کوششوں سے بحال ہونے والے امن و استحکام کو ہرصورت برقرار رکھا جائیگا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور باقی رہ جانے والے دہشت گردوں کو بھی ان کے انجام تک پہنچانے میں زیادہ دیر نہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لیے دہشت گردی کی کاروائیاں کروا رہی ہیں، لیکن قوم دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ملک اور صوبے میں مکمل امن قائم ہوگا اور قوم خوشحال ہوگی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مستونگ بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
دہشتگردآخری سانسیں لے رہے ہیں بچے کھچے دہشتگردوں کو دوبارہ سراٹھانے کا موقع نہیں دیاجائیگا، نواب زہری
وقتِ اشاعت : May 13 – 2017