|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2017

کوئٹہ :  بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے کانوائے پر خود کش حملے اور اس میں درجنوں افراد کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مستونگ ایک دالخراش اور انسانیت سوز واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

اس سے قبل بھی بلوچستان کو اسی طرح خون میں نہلایا گیا اور ایسے سانحات سے واضح ہو چکا ہے کہ حکمران امن و امان کی بحالی میں ناکام ہو چکے ہیں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے چاہئے تھے تاکہ ایسا دلخراش واقعہ رونما نہ ہوگا 10ماہ کے دوران چار بڑے سانحات رونما ہونا المیہ سے کم نہیں انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں شہداء کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء کے غم میں برابر شریک ہیں اور انہیں اس غم کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی ایسے سانحہ کی روک تھام کیلئے لفاظی نہیں عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات رونما نہ ہوں۔

دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل کی جانب سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ، احمد نواز بلوچ ، شکیل مینگل ، سلیم سیاپاد نے سی ایم ایچ جا کر مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر زخمیوں کی عیادت کی اور سردار اختر جان مینگل کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ مولانا عبدالغفور حیدری کو پیش کیا ۔