|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2017

کوئٹہ :  بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے گوادرمیں ہونے والے مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے ۔

سانحہ مستونگ کے واقعہ کے بعد مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ حکومت کیلئے سوالیہ نشان ہے تمام تر سیکورٹی انتظامات کے باوجود اس طرح کے واقعات رونما ہونا حکومت کی نااہلی ظاہر کرتی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع ‘ اے این پی پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی ‘ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک ‘ تحریک انصاف کے میر محمد اسماعیل لہڑی ‘ رشید خان ناصر ‘ چوہدری شبیر احمد اور سابق صوبائی وزیر حاجی محمد خان طوراتمانخیل نے گوادرمیں ہونے والے بے گناہ اور نہتے مزدوروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت دعوے کرتی ہے کہ بلوچستان میں تمام دہشت گردوں کو نیٹ ورک توڑ دیا گیا ۔

لیکن کچھ دن کی خاموشی کے بعد اتنے بڑے واقعات رونما ہوجاتے ہیں حکومت جو کارکردگی ظاہر کرتی ہے مستونگ کے واقعہ کے بعد گوادر میں دن دیہاڑے مزدوروں کو ٹارگٹ کرنا حکومت اور وہاں کی انتظامیہ کیلئے سوالیہ نشانہ ہے .

شروع دن سے ہمارا یہی موقف تھا کہ حکومت اور ان میں شامل جماعتیں عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکے ہیں ۔

اس دور حکومت میں اتنے بڑے واقعات رونما ہوئے جس کی تاریخ میں مسائل نہیں ملتی صوبہ کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا ترقی کے نام پر صرف اور صرف فنڈز کھائے جارہے ہیں ۔