کوئٹہ: سانحہ مستونگ کے بعد کوئٹہ میں پاک فوج کی جنوبی کمان کے مرکز میں امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں صوبے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے جامع اور مربوط حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹر کوئٹہ میں منعقدہ اجلاس میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایڈیشنل آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ فوجی و سول حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے صوبے میں درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور صوبے میں پائیدار امن اور استحکام لانے کے عزم کا اظہار کیا اور اتفاق کیا گیا کہ اس سلسلے میں ایک جامع اور مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
اجلاس میں سانحہ گوادر اور مستونگ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔