|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2017

 
 
 

حب : یو ایس ایڈ گرانٹ کے تحت 27کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شعبہ تعلیم کی عمارت کے افتتاحی تقریب میں امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور یو ایس ایڈ(USAID)کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈینس ہر بول کی خصوصی شرکت نے تقریب کی۔

رونقیں دوبالا کردیں تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم کی بھی شرکت ، لسبیلہ یونیورسٹی میں افتتاحی تقریب کے دوران امریکی قونصلیٹ کے قونصلر جنرل طلباء وطالبات میں گھل مل گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز(LUAWMS)میں شعبہ تعلیم کی عمارت کا افتتا ح امریکن قونصلیٹ کی قونصلر جنرل گریس شلٹن نے پروقار تقریب کے دوران کیا ۔

اس موقع پر پر یوایس ایڈ پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈینس ہربول ، صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال اور لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ بھی موجو دتھے ۔یوایس ایڈ گرانٹ کے تحت بننے والی بلوچستان کی جامعات میں شعبہ تعلیم کی یہ دوسری عمارت ہے جس کی تعمیرکیلئے امریکی حکومت نے 27کروڑ روپے کی امدادد فراہم کی ہے اور دوسال کے مختصر عرصے میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے ۔

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن GRACE SHILTONنے نئی تعمیرشدہ عمارت کا دورہ کیا اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا اور پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے امریکی حکومت کے طویل مدتی تعاون کو اجاگر کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے مزین یہ عمارت اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام میں امریکا اور پاکستان کے عزم پر مہر تصدیق ثابت ہو گی۔
امریکا پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر ملک میں اساتذہ کی تعلیمی استعداد بڑھانے اور مستقبل کے اساتذہ کو بہترین علمی اورتحقیقی ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور بلوچستان میں تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے امریکی عوام کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہیکہ امریکی حکومت کی مدد سے ڈگری پروگراموں کے لئے جامعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ملک اور صوبے میں اساتذہ کی تعلیم کا معیار بہتر کرنے کے لئے دونوں ملکوں کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کی ترقی کے لئے یوایس ایڈ کو اس طرح کے تعلیمی پروگرامات کیلئے مزیدتعاون کرنا چاہیے تاکہ بلوچستان کے ایجوکیشن سیکٹر میں مزید بہتری پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے تعلیم کو اولین فوقیت دی ہے، اور اس میں بہتری لائی ہے ۔

کوالٹی ایجوکیشن بڑھانے کے لئے اساتذہ ،طلباء،والدین اور سول سوسائٹی اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے لوامز پبلک اسکول کے لئے عمارت کا اعلان کیا اور لسبیلہ یونیورسٹی کی چار دیواری کی تعمیر کے لئے PSDPمیں رقم مختص کرنے کا بھی اعلان کیا۔

لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ نے افتتاحی تقریب سے امریکی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نےUSAID کے ذریعے لسبیلہ یونیورسٹی میں شعبہ تعلیم کی عمارت تعمیر کروائی ہے۔

یہ عمارت بہترین ساز وسامان ، سیمینار ہال، لائبریری، مرکز تعلیمی وسائل پر مشتمل ہے۔اس نئی عمارت میں طلباء و طالبات کے لئے تمام تر سہولیات میسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی صوبے کی واحد میرین اور ویٹرنری یونیورسٹی ہے۔

اس کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں بھی طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں ۔وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی ڈاکٹر دوست محمد بلوچ نے لوامز پبلک اسکول اور لسبیلہ یونیورسٹی کی چار دیواری کے اعلان پر صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال کا شکریہ ادا کیا تقریب کے آخر میں انہوں نے مہمانان کو شیلڈ بھی پیش کیے۔