|

وقتِ اشاعت :   May 17 – 2017

کو ئٹہ:  پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریار محمد رند نے کہاہے کہ 19مئی کے جلسے میں بلوچستان کے کونے کونے سے لوگ شرکت کرینگے اور عمران خان کے آنے والے وقت میں کرپشن اورظلم کے خلاف جو آواز اٹھائی ہے بلوچستان کے لوگ ان کے شانہ بشانہ ہونگے۔جلسے کی سیکورٹی کی ذمہ داری سیکورٹی اداروں کاکام ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سردارخادم حسین وردگ ،آئی ایس ایف کے رہنماء خانزادہ یونس خلجی ودیگر بھی موجود تھے ۔

سرداریارمحمدرند کا کہناتھاکہ عمران خان ایک عرصے بعد بلوچستان آرہے ہیں ،مجھے یقین ہے کہ بلوچستان کے عوام بھرپور انداز میں 19مئی کے جلسے میں شرکت کرینگے ،انہوں نے کہاکہ 19مئی کے جلسے کیلئے جس جگہ کاانتخاب پی ٹی آئی نے کیاہے اس سے پہلے کسی جماعت نے وہاں جلسہ کرنے کی جرات نہیں کی۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ بلوچستانی عوام اور عمران خان کے فالورز جلسے میں بھرپورشرکت کرکے جلسے کو کامیاب بنائینگے ،انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے کونے کونے ،ایران کے بارڈر سے ،افغانستان کے بارڈر اور سندھ کے بارڈر تک ہر کارکن اور پارٹی کا عہدیدار پرجوش ہے ،انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ اس جلسہ میں جگہ نہیں اور عمران خان یہاں سے جو رسپارنس لے جائینگے ۔

کیونکہ یہاں تعلیم کم ہے مگر یہاں کی عوام میں سیاسی سوچ بہت زیادہ ہے اور وہ جلسے میں شرکت کرکے عمران خان کی خطاب سنیں گے ،انہوں نے کہاکہ عمران خان کے آنے والے وقت میں کرپشن اورظلم کے خلاف جو آواز اٹھائی ہے بلوچستان کے لوگ ان کے شانہ بشانہ ہونگے ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کاکہناتھاکہ 19مئی کے جلسے کے حوالے سے سیکورٹی حکام کو آگاہ کیاگیاہے ہماری جماعت ہرقسم کی سیکورٹی اداروں سے ہرقسم کی تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں مگر سیاسی جماعتوں کو سیکورٹی کی فراہمی حکومت وقت کاکام ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ ہمیں بھرپور سیکورٹی فراہم کرینگے ۔