|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2017

حیدرآباد: وفاقی وزیر بندرگاہ و جہاز رانی میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری پر تحفظات نہیں ہیں۔

البتہ اس کے نتیجے میں بلوچستان کی آبادیاتی تبدیلی برداشت نہیں کریں گے،وفاقی حکومت مناسب حکمت عملی اپناکر بلوچستان کی آبادباتی بقاء کا تحفظ یقینی بنائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک میں چائنہ اور پاکستان کے درمیان کوئی معاہدہ بھی ایسا نہیں جسے چھپایا گیا ہو لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جو سی پیک میں نہیں لگھتیں لیکن اس کا حصہ ہیں۔

حاصل بزنجو نے کہا کہ سی پیک کی واضح پوزیشن اور اس منصوبے سے اتفادہ کرنے کیلئے بلوچستان میں کسی کے آنے اور جانے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن خدشہ ہے کہ اس کے نتیجے میں بلوچستان کی آبادیاتی تبدیلی جنم لے گی جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور اس کے نتیجے میں سماجی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان حکومت بہت جلد آبادیاتی بقاء کے تحفظ کے حوالے سے عام ہموار کرکے قانون سازی کرے گی۔

ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان کی آبادیاتی بقاء کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مناسب اقدامات کریں۔