لاہور: وزیراعظم نوازشریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے لئے منعقدہ آل پاکستان وکلا کنونشن بدنظمی کا شکار ہوگیا۔
وزیراعظم نوازشریف سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کرنے کےلئے لاہور ہائی کورٹ بار کے زیراہتمام منعقدہ آل پاکستان وکلا کنونشن اس وقت بدنظمی کا شکار ہوگیا جب حکومت کی حامی مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے وکلا نے کنونشن کے اسٹیج اور مائیک کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ حکومت کے حامی وکلا نے نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کی جب کہ مخالف وکلا نے بھی ان کا بھرپور جواب دیا اور فریقین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس سے چند وکلا زخمی ہوئے تاہم کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بار کے حکومت مخالف عہدیداران کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کےلئے منعقدہ کنونشن ہرحال میں ہوگا اور اگر کنونشن کے انعقاد کے لئے ہمیں جگہ بھی تبدیل کرنی پڑی تو کرلیں گے۔
واضح رہے کہ لاہورہائی کورٹ بار کے زیر اہتمام آل پاکستان وکلا کنونشن منعقد کی گئی تھی جس میں ملک بھر کے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بار کے وکلا شرکت کررہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ پاناما کیس کی صاف اور شفاف تحقیقات کے لئے وزیراعظم نوازشریف اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوجائیں۔