|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2017

کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے پارٹی کے خلاف بے جا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو پارٹی کی سیاسی و جمہوری جدوجہد ہضم نہیں ہورہی ہے،نیشنل پارٹی صوبے میں و امان کے قیام اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔

حاجی ظہیراحمد کی بی این پی (عوامی) سے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت سے نیشنل پارٹی پنجگور میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بی این پی (عوامی ) یونین کونسل عیسیٰ پنجگور کے رہنما حاجی ظہیراحمد کی حاجی نوراحمد،عبدالعزیز ،ظہیراحمد،حاجی داد محمد ،محمد طارق،عمر جان ،ساحر علی ، عمیر علی ،سدھیر احمد،عقیل احمد،عدیل احمد، سہیل احمد ،غلام فاروق ، عادل حسین ،تنویر احمد ،عمیراحمد ،الہیٰ بخش ،نسیم احمد اور دیگر اپنے ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے ممبر حاجی صالح بلوچ ، ضلعی نائب صدر لیاقت بلوچ،بزرگ رہنما بابو امید علی کینگزئی اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے اپنی اور نیشنل پارٹی کے قائدین کی طرف سے حاجی ظہیراحمد اور دیگر کو بی این پی (عوامی) سے مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی نیشنل پارٹی میں شمولیت سے پارٹی پنجگور میں مزیدفعال اور منظم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد پر یہ لازم ہے کہ وہ جمہوری اور سیاسی جماعت کو مضبوط کریں نیشنل پارٹی میں دن بدن لوگوں کی شمولیت سے پنجگورنیشنل پارٹی کا گڑھ بن چکا ہے پارٹی کے قائدین میر حاصل خان بزنجو ،میر طاہر بزنجو ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں ملک اور خاص کر بلوچستان میں اجتماعی سوچ کو پروان چڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پاکستان بالخصوص بلوچستان میں امن کی فضاء کی بحالی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی نیشنل پارٹی جب اقتدار میں آئی تو صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب اور تمام ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے آج الحمد اللہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور تمام سرکاری اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا گیا ہے جو بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پر بے جا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو پارٹی کی مقبولیت اور جمہوری سیاسی جدوجہد ہضم نہیں ہورہی ہے اورانہیں اپنی کشتی ڈوبتی ہوئی نظر آرہی ہے اس لئے وہ پارٹی کے خلاف بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

نیشنل پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے ممبر حاجی صالح بلوچ اور نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما بابو امید علی کینگزئی نے نیشنل پارٹی کی عوام دوست کارکردگی اور پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے لوگ جوق در جوق نیشنل پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ۔

حاجی ظہیراحمد کی نیشنل پارٹی میں شمولیت سے پارٹی پنجگور میں مزید مضبوط اور فعال ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 2018ء کے عام انتخابات میں دوبارہ نیشنل پارٹی صوبے بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔انہوں نے حاجی ظہیراحمد کو اپنے سینکڑوں ساتھیو ں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔