|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2017

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد کر لیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے نواحی علاقے گاہی خان چوک میں سرچ آپریشن کے دوران زیرزمین چھپایا گیا اسلحہ و بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا۔

برآمد کئے گئے اسلحے میں 503 دستی بم، 22 آر پی جی سیون گولے،  2 رائفلز، 5 دیسی ساختہ آئی ای ڈیز، 1 آر پی جی سیون، 19 فیوز اور ہزاروں کی تعداد میں مختلف اقسام کے راؤنڈز شامل ہیں جب کہ کارروائی کے دوران تخریبی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں 4عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے اور 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے اور کیمپ بھی تباہ کئے۔