کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہے، مسلم لیگ(ن) کی جڑیں عوام میں ہیں اور آئندہ انتخابات میں ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بلوچستان سمیت ملک بھر میں کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائیں گے۔
بلوچستان کی سطح پر مسلم لیگ(ن) کو کارکنوں کے تعاون سے متحرک اور فعال بنایا جائیگا، پارٹی کے اندر آپس کے اختلافات اور دھڑے بندی نہیں ہونے دی جائے گی اور سب کو ساتھ لیکر چلا جائیگا،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما محمد خان طور اتمانخیل کی قیادت میں ملاقات کرنے والے مسلم لیگ(ن) لورالائی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر میر سرفراز بگٹی، رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کردگیلو، مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سیکریٹری جنرل نصیب اللہ بازئی اور ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ بھی ملاقات میں موجود تھے، جبکہ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور منظم سیاسی قوت ہے جو صوبے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس کو کبھی ٹھیس نہیں لگنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کے لیے کارکن اور ضلعی عہدیدار ابھی سے تیاریوں کو آغاز کر دیں، ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے اور ایک مرتبہ پھر ان کا اعتماد حاصل کریں گے۔
وفد کی جانب سے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ضلع لورالائی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے ہٹ کر تمام ضلعوں کی ترقی کے لیے بیس 20 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں جس کا مقصد ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں بہتر شہری سہولتوں کی فراہمی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ڈویژنل کمشنروں کو وزیراعلیٰ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کا نگران مقرر کیا گیا ہے ، اس ترقیاتی پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت اور ذاتی پسند ناپسند نہیں ہونے دی جائے گی، وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ سپیرر آغا روڈ کی تعمیرکے منصوبے کا جلد آغاز کر دیا جائیگا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی وزیر میر سرفراز بگٹی اور مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سیکریٹری جنرل کو لورالائی سمیت تمام ضلعی ہیڈ کوارٹروں کا دورہ کر کے مسلم لیگ(ن) کی عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ روابط بڑھانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی، قبل ازیں وفد نے وزیراعلیٰ سے ان کی بھتیجے کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔