سری لنکا کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 91 افراد ہلاک جب کہ 100 سے زائد لاپتہ ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے جنوب میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 91 افراد ہلاک جب کہ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش کا کام جاری ہے تاہم ہلاکتوں میں اٖضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث 7 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق حکومت نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج کو طلب کر لیا ہے جب کہ ایئرفورس، نیوی اور ریسکیو اہلکار بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جہاں نیوی اپنی کشتیوں اور ملاحوں کے ساتھ موجود ہے اور ایئرفورس کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کی مدد کی جارہی ہے۔
حکومت نے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دریا کے قریب رہنے والوں کو گھر خالی کرنے کا مشورہ دیا ہے جب کہ سرکاری اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ریسکیو اور دیگر اداروں کو اگلے 72 گھنٹوں تک الرٹ رہنے کا کہا ہے۔