|

وقتِ اشاعت :   May 30 – 2017

بغداد: عراقی دارالحکومت بغداد میں ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی اہلکاروں اور میڈیکل حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پہلے حملے میں ایک خودکش حملہ آور نے مشہور آئس کریم پارلر کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

دوسرا دھماکا بغداد کے مرکزی پل کے نزدیک ہوا، جہاں بارودی مواد سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑا دی گئی۔

حکام کے مطابق دوسرے دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

آئس کریم پارلر کے نزدیک گذشتہ شب ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی اور خودکش بمبار کی شناخت عراقی شخص کی حیثیت سے کی گئی۔

پہلے دھماکے کے چند گھنٹوں بعد ہونے والے دوسرے کار دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی تاہم ماضی میں داعش ہی عراقی دارالحکومت میں متعدد کار دھماکوں میں ملوث رہ چکی ہے۔

خیال رہے کہ جولائی 2016 میں بھی بغداد کے مصروف تجارتی مرکز میں شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے کیے گئے بم دھماکے میں 115 افراد ہلاک اور 160 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔