کوئٹہ : مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت مسلم لیگ کے پارلیمانی گروکے منعقد ہونے والے اجلاس میں پارٹی کے پارلیمانی اراکین کی جانب سے وزیراعلیٰ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں امن و استحکام اور ترقی کے لیے وزیراعلیٰ کے ویژن کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پارلیمانی گروپ نے وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، اجلاس میں میر جان محمد جمالی، سردار محمد صالح بھوتانی، شیخ جعفر خان مندوخیل، میر عاصم کردگیلو، میر عبدالکریم نوشیروانی، میر سرفراز بگٹی، میر امان اللہ نوتیزئی، میر عبدالقدس بزنجو، میر سرفراز ڈومکی، حاجی محمد خان لہڑی، سردار در محمد ناصر، میر اظہار حسین کھوسہ، طاہر محمود خان، پرنس علی بلوچ، حاجی غلام دستگیر بادینی، سید رضا آغا، ثمینہ خان، انتیہ عرفان، کشور جتک اور سابق صوبائی وزیر میر فائق خان جمالی نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال ، پارٹی امور اور آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل ، امن کے قیام اور صوبے کی ہمہ گیر ترقی کے لیے عوام کی جانب سے دئیے گئے ۔
مینڈیٹ کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کی جانب سے حکومت کو حاصل اعتماد پر ہرصورت پورا اترا جائیگا،مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں عوام کے پاس جائے گی اور ایک بار پھر ان کا اعتماد حاصل کر کے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سمیت معمول کے اجلاسوں میں مسلم لیگ کے اراکین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے سے اتفاق کیا گیااور صوبائی اسمبلی میں مسلم لیگ کے چیف وہیپ صوبائی وزیر میر سرفراز بگٹی اراکین کی اجلاسوں میں شرکت کے ذمہ دار ہوں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) صوبے کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی تعداد سب سے زیادہ ہے ،عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں اسمبلی میں بھیجا ہے ۔
اس کا تقاضہ ہے کہ ہم عوام کے اس اعتماد کو ٹھیس نہ لگنے دیں اور ان کی توقعات پر پورا اتریں ، وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقہ کے عوام کے ساتھ قریبی روابط رکھیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اپنی بھرپور صلاحتیں بروئے کار لا ئیں۔
وزیراعلیٰ نے اراکین کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے لیے اپنے اپنے حلقوں کے اجتماعی ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت بھی کی جن کی تکمیل سے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے بھرپور اعتماد کے اظہار پر پارلیمانی گروپ کے اراکین کا شکریہ ادا کیا، بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے پارلیمانی گروپ کے اراکین کے اعزاز میں افطار و عشائیہ دیا گیا۔اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے افطار و عشائیہ میں خصوصی شرکت کی۔
اراکین اسمبلی آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کیلئے اپنے حلقوں کے منصوبوں کی نشاندہی کریں، نواب زہری
وقتِ اشاعت : June 3 – 2017