اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے سپریم کورٹ پر جانبداری اور امتیازی سلوک کے الزامات لگائے جس پر انہیں معافی مانگنی چاہئے۔
ترجمان پیپلزپارٹی کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے سپریم کورٹ پر جانبداری اور امتیازی سلوک کے الزامات لگائے جو غیرذمہ دارانہ، توہین آمیز اور ناقابل قبول ہیں ہم ان تمام الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں شہبازشریف اپنے بیان پر معافی مانگیں اور اشتعال انگیز بیان واپس لیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ شہبازشریف اپنے بھتیجے حسین نواز کی تصویر کو سپریم کورٹ کی جانب سے شریف خاندان پر حملہ تصور کرتے ہیں لیکن ہم احتساب سے بچنے کے لئے قانونی تحقیقات اور عدالتی طریقہ کار پر الزامات لگانے کی اجازت نہیں دیں گے وکلا اور صحافی برادری بھی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے دھمکی آمیز بیان کا نوٹس لے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سب کے احتساب پر یقین رکھتی ہے ہماری جماعت کے بانی شہید ذوالفقار بھٹو کے عدالتی قتل پر بھی ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی پر بندوق تان لی۔