برمنگھم: چیمپئنزٹرافی کے دسویں میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
برمنگھم کےایبجسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے 40 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 240 رنز بنائے کہ اس دوران بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑ گیا تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھ کے تحت انگلینڈ کو 40 رنز سے جیت نصیب ہوئی اور یوں آسٹریلیا چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگیا۔
آسٹریلین ٹیم کو پہلی کامیابی پہلے ہی اوورکی دوسری گیند پرحاصل ہوئی جب جیسن روئے اننگز کی پہلی گیند پر چوکا لگانے کے بعد ایل بی ڈبیلو ہوگئے، ان کی وکٹ مچل اسٹارک نے حاصل کی جب کہ ایلکس ہیلز بھی اگلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے ہیزل ووڈ کا شکار ہوگئے، انگلینڈ کے مایہ ناز بلے بازجوروٹ بھی 15 رنز بنا کرہیزل ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد انگلش کپتان مورگن نے بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر شانداربلے بازی کی اور 159 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، مورگن نے 87 رنز کی اننگزکھیلی جس میں 5 شاندار چھکے شامل تھے، انہیں زمپا نے رن آؤٹ کیا جب کہ بین اسٹوکس نے شاندار سنچری اسکور کی وہ 102 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل انگلش کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا توکینگروزنے مقررہ 50 اوورزمیں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے، انگلش ٹیم کو پہلی کامیابی کے لیئے آٹھویں اوورکا انتظارکرنا پڑا جب 40 کے مجموعی اسکورپر جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر 27 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،ایرون فنچ نے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور136 کے مجموعی اسکورپر بین اسٹوکس کا شکار بنے، ہینرکس چکھ دیر وکٹ پر کھڑے رہے تاہم وہ بھی 17 رنز بنا کرعادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، آسٹریلوی کپتان اسٹیفن اسمتھ نے بھی اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 56 رنزبنا کرمارک ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پرکینگروزبیٹنگ لائن مشکلات کا شکارنظرآئی اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی چلی گئی تاہم ایک اینڈ سے ٹریوس ہیڈ نے وکٹ سنبھالے رکھی اور 71 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ اور پاکستانی نژاد لیگ اسپنرعادل رشید نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کیا اور4،4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ بین اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے میں انگلینڈ نے پہلے ہی سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا تھا مگر اب آسٹریلیا کے شکست کے بعد وہ ایونٹ سے باہر ہوئی اور اس طرح بنگلادیش نے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔