کوئٹہ : بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد نے درس گاہِ آزادی بابا خیر بخش مری کی تیسری برسی پر اُن کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابا مری کی زندگی اور اُن کا کردار دنیا بھر کے محکوم اقوام کے لئے مشعلِ راہ ہے۔
سخت ترین تکالیف و مشکلات کے باوجود بابا مری کا اپنے موقف پر ڈٹے رہنا محکوم اقوام کو ہمیشہ حوصلہ فراہم کرتا رہے گا۔اپنی زندگی کی ابتدائی ایام سے لیکر آخر دم تک نواب خیربخش مری نے بلوچ آزادی کی جدوجہد کے لئے جو قربانیاں دیں اُن پر بلوچوں کی آئندہ نسلیں فخر کریں گی۔
بی ایس او آزاد ترجمان نے کہا کہ نواب خیر بخش مری کو بلوچ عوام پر غیر متزلزل اعتماد تھا، بلوچ عوام کی تکالیف، معاشی و سیاسی بدحالی کو ختم کرنے کے لئے انہیں آزادی کی تحریک دینا ایک عظیم کارنامہ ہے جسے بابا مری نے سرانجام دیا۔
افغانستان جلا وطنی سے لیکر دیگر ہزاروں مشکلات کے باوجود بھی نواب خیر بخش مری نے قابض سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، ان کے برعکس اُس وقت کے موقع پرست قوم دوستوں نے قابض سے سمجھوتہ کرلیا، قابض سے سمجھوتہ نہ کرکے بابا مری نے اپنا نام تاریخ میں سرخ رو کردیا۔
ریاست نے نواب خیر بخش مری کو مختلف حربوں کے استعمال سے جھکانا چاہا، بابا مری پر قاتلانہ حملے ہوئے اور انہیں طویل عرصے تک جیل میں قید رکھا گیا، لیکن ان تمام حربوں کے باوجود ریاست بابا مری کو جھکانے میں ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ خیر بخش مری بلوچ عوام کے لئے ایک ایسی ریاست چاہتے تھے جو ترقی پسند نظریات پر مبنی ہو اور وہاں عوام یکساں طور پر خوش حال ہوں۔ بابا مری بار ہا اس بات کو دہراتے تھے کہ ایک ایسی آزادی کا کوئی فائدہ نہیں جہاں عام بلوچ پھر اسی طرح کی صورت حال کا شکار ہو جس طرح کہ آج ہے۔
بی ایس او آزاد کے ترجمان نے نواب خیر بخش مری کی جہدِ مسلسل اور قربانیوں کو بلوچ قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواب خیر بخش مری کی قربانیاں بلوچ تاریخ کے لئے ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔ نواب خیر بخش مری نے گوادر سمیت بلوچستان میں پاکستانی قبضہ گیریت کے نقصانات کے حوالے سے جو پیشنگوئی کیے تھے، وہ آج صحیح ثابت ہورہے ہیں۔
نواب خیر بخش مری کی زندگی اور اُن کی تعلیمات بلوچ قوم کے لئے درس گاہِ آزادی کی حیثیت رکھتے ہیں۔بلوچ معاشرے کے تمام طبقات کو چاہیے کہ وہ نواب خیر بخش مری کی طرز زندگی اور جدوجہد سے سبق حاصل کرکے آزادی کی تحریک میں اپنا کردار ادا کریں۔
بابا مری کی زندگی مظلوم اقوام کیلئے مشعل راہ ہے، بی ایس او آزاد
وقتِ اشاعت : June 11 – 2017