|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2017

 لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ پاناما جے آئی ٹی (ن) لیگ کا الیکشن سیل ہے اور اس سے خیر خواہی کی کوئی امید نہیں ہے۔

چھ ماہ بعد وطن پہنچنے کے بعد لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی (ن) لیگ کا الیکشن سیل ہے اور اس کے ذریعے (ن) لیگ کا 2018 کا الیکشن نعرہ بن رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حسین نواز کو جے آئی ٹی کے سامنے بٹھا کر تصویر بنائی گئی اور یہ تصویر (ن) لیگ نے خود لیک کروائی تاکہ یہ تاثردیا جائے کہ ظلم ہو رہا ہے، یہ سب کچھ ڈرامے سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہے، ملک کے 20 کروڑعوام کو پاگل بنایا جا رہا ہے، جے آئی ٹی سے خیر خواہی کی کوئی امید نہیں ہے۔

ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کے حوالے سے طاہرالقادری نے کہا کہ سانحے کے اصل ذمے دارافراد کو طلب ہی نہیں کیا گیا، ہماری کسی اپیل کی تاریخ ہی نہیں پڑ رہی، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پیش رفت بھی روک دی گئی ہے۔

اس ملک میں عدل اور انصاف کا قتل عام ہو رہا ہے، عدالت کوئی فیصلہ تو کرے تب سپریم کورٹ میں جائیں گے، لیکن فیصلہ جو بھی ہو ہم شہیدوں کے خون کیلئے انصاف مانگتے رہیں گے اور خاموش نہیں ببھیٹیں گے، مرتے دم تک قانون کی جنگ لڑتے رہیں گے۔