|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں مسجد میں قالین دھوتے ہوئے کرنٹ لگنے سے دو چچا زاد بھائی جاں بحق ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کوئٹہ کے علاقے پولیس تھانہ بھوسہ منڈی خالق شہید کے علاقے خلجی کالونی میں مقامی مسجد میں محلے کے افراد عید سے قبل تزئین و آرائش کا کام کررہے تھے۔

اس دوران قالین دھوتے ہوئے بجلی کے تار سے ٹکرانے کے باعث اٹھائیس سالہ حکمت اللہ ولد حاجی غوث الدین خلجی کو کرنٹ نے جھکڑ لیا۔ بچانے کی کوشش میں پینتیس سالہ عزیز اللہ ولد حاجی عبدالحکیم خلجی کو بھی بجلی کا شدید کرنٹ لگا ۔دونوں چچا زاد بھائیوں کو سیٹلائٹ ٹاؤن کے نجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

حکمت اللہ کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی جبکہ عزیز اللہ نے سوگوارا ن میں بیوہ اور تین بچے چھوڑے ہیں ۔ ایک ہی خاندان سے دو افراد کی لاشیں اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا ۔ دونوں افرا دکی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ بعد ازاں انہیں کیو ڈی اے قبرستان مشرقی بائی پاس میں سپردخاک کردیاگیا۔