|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2017

 واشنگٹن: قطر نے امریکا سے ایف 15 طیاروں کی خریداری کے لیے 12 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کردیے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ بحری مشقیں بھی شروع ہوگئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر امریکا سے 36 جدید ترین ایف 15 جنگی طیارے خریدے گا۔ اس حوالے سے  واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اور قطری ہم منصب خالد العطیہ نے 12 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے۔

 قطر کے ساتھ معاہدے سے چند ہفتے پہلے ہی امریکا نے سعودی عرب کے ساتھ 100 ارب ڈالر سے زیادہ کا اسلحہ فروخت کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

قطری حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہمیں اس بات میں کبھی کوئی شبہ نہیں رہا لیکن یہ معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی ادارے ہمارے ساتھ ہیں ۔ ہماری افواج بھائیوں کی مانند ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات استوار ہیں جو سیاسی تبدیلوں کی وجہ سے متاثر نہیں ہوسکتے۔

امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس معاہدے کے تحت قطر کو جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی اور دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

ادھر امریکی بحریہ کے دو جہاز بھی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے قطر کی حماد بندرگاہ پہنچ گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پورے مشرق وسطی میں سب سے بڑا امریکی فوجی اڈہ قطر میں ہے جہاں 11 ہزار سے زیادہ امریکی فوجی تعینات ہیں۔

چند روز قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگایا تھا جب کہ اس سے پہلے سعودی عرب سمیت متعدد عرب ممالک نے قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔