|

وقتِ اشاعت :   June 22 – 2017

کوئٹہ:عوامی نیشنل پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی نے صوبہ اور کوئٹہ شہر کی سیاسی امن وامان اور حلقہ این اے260 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی کے تحت جدوجہد پر اتفاق کر تے ہوئے بلوچستان اور کوئٹہ شہر میں پرامن، جمہوری روایات، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کر پروان چڑھانے کا عزم کیا ہے ۔

اس بات کا فیصلہ ارباب ہاؤس میں تینوں جماعتوں کے قائدین کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں بلوچستان بھر اور کوئٹہ شہر میں امن وامان کی گھمبیر صورتحال ، صوبائی حکومت کی جانب سے کرپشن، لوٹ مار اور قوموں کے درمیان ایک سازش کے تحت نفرتیں اور دوریاں پیدا کرنے پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ چار سال تک اقتدار میں رہنے والوں نے صوبہ کوئٹہ شہر اور عوام کو اپنی عنوانی، لوٹ مار اور انتہائی درجے کے بیڈ گورننس کے ذریعے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا باہمی اشتراک اقتدار کے مزے لوٹنے والی جماعتیں اب ترقیاتی فنڈز کے نام پر ایک نیا ڈرامہ رچا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

موجودہ حکومت صوبے کی تاریخ میں ناکام ترین حکومت ہے صوبے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم اور بد ترین دہشتگردی کا شکار ہے ۔

پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ صبر وبرداشت اور رواداری کے کلچر نا واقف سیاسی جماعتوں نے یہاں کے عوام اور اقوام میں ا نتہا پسندی اور عدم برداشت کے کلچر کو پروان چڑھایا جو کسی صور ت بلوچستان میں آباد اقوام کے مستقبل کیلئے نیک شگون نہیں ہے ۔

قائدین نے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ تینوں سیاسی جماعتیں سیاسی عمل میں مشترکہ جدوجہد اپنا کر حلقہ این اے260 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر کامیابی سے ہمکنار ہو گی ضمنی انتخابات سمیت صوبہ اور کوئٹہ شہر کے دیگر معاملات کے حوالے سے مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا ۔

اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، نواب ارباب عبدالظاہر کاسی، انجینئر زمرک خان اچکزئی، نوابزادہ عمر فاروق کاسی، ملک نعیم خان بازئی، مابت کاکا، ملک ابراہم کاسی، عصمت اللہ بازئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائمقام مرکزی صدر ملک ولی کاکڑ، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، نذیر بلوچ، موسیٰ بلوچ، اختر حسین لانگو، احمد نواز بلوچ، حاجی ہاشم نو تیزئی، ہزارہ ڈیمو کرٹیک پارٹی کے مرکزی چیئرمین عبدالخالق ہزار، احمد کوہزاد، بوستان کشمند ، قادر نائل اور دیگر نے شرکت کی۔