گڈانی: گیارہ یمنی قیدیوں کو جیل سے رہائی کی خوشخبری مل گئی، ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے اسیران کو بیرون ملک روانگی کیلئے ٹکٹیں فراہم کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق فارنر ایکٹ کے تحت گرفتار ہونے والے گیارہ یمنی قیدی اپنی سزاؤں کی میعاد گزرنے کے باوجود واپس اپنے ملک روانگی کیلئے ٹکٹوں کے اخراجات کی سہولت نہ ہونے کیوجہ سے گڈانی جیل میں اپنی اسیری کے دن گزارنے پر مجبور تھے ۔
چیف جسٹس بلوچستان محمد نور مسکانزئی نے بھی دورہ گڈانی جیل کے موقع پر جیل حکام کو متعلقہ ملک کے سفارتخانے سے رابطے کے احکامات جاری کئے تھے لیکن متعلقہ ملک کے سفارتخانے کی عدم دلچسپی کیوجہ سے معاملہ التواء کا شکار رہا ہے ۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے گیارہ یمنی قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں کوششیں تیز کردی گئی ہیں بدھ کے روز ایدھی فاؤنڈیشن کے نمائندے سعاد ایدھی نے گڈانی جیل کا دورہ کیا اور چار یمنی قیدیوں کو اپنے ملک واپس جانے کیلئے ٹکٹیں فراہم کیں اور باقی سات کل اپنے اخراجات وٹکٹوں پر یمن روانہ ہونگے ۔
بتایا گیا ہے کہ ایک یمنی قیدی لانڈھی جیل سے اپنی سزا پوری ہونے کے بعد ایدھی کے ٹکٹ پے اپنے وطن جائیگا،،یہ قیدی کسی کے جھانسے میں آکر روزگار کی تلاش میں بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں دوسال قبل داخل ہوتے ہی گرفتار کرلئے گئے تھے۔
گیارہ یمنی قیدیوں کو جیل سے رہائی کی خوشخبری مل گئی
وقتِ اشاعت : June 22 – 2017