|

وقتِ اشاعت :   June 23 – 2017

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے خطے کی گھمبیر صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی معاملات میں پاکستان تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے دوبارہ شروع ہیں اور ڈرون طیارے پاکستانی فضاؤں میں بلا روک ٹوک پروازیں کر رہے ہیں اور افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے کی بجائے سر د مہری کا شکار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا ڈرون طیارہ گرانے کی خبریں ہیں لیکن بد قسمتی سے حکمران اور سیاسی قیادت چین کی نیند سو رہے ہیں ۔ اقتدار چھیننے اور حاصل کرنے کی جنگ میں قومی قیادت علاقائی معاملات کے پاکستان پر پڑنے والے اثرات سے بے خبر ہے ۔ جو مستقبل کیلئے انتہائی خوفناک اور خطرناک ہے ۔

اسفند یار ولی خان نے مزید کہا کہ قومی مفاد پر خواہشات کو ترجیح بنانے والے ہوش کے ناخن لیں اور قومی یکجہتی و اتحاد کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی اثرات کے تدارک اور اندرونی طور پر استحکام کیلئے سرجوڑنے کی بجائے ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشیوں پر وقت ضائع کیاجارہا ہے ۔ جو کسی بھی طور قابل قبول نہیں ہو سکتا ۔

اسفند یار ولی خان نے کہا کہ اے این پی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ اقوام عالم کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ کھلے دل سے مذاکرات کے ذریعے مسائل اور معاملات کا حل تلاش کیا جائے ۔

کسی بھی ملک کو کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہونی چاہیے۔جمہوری پارلیمانی نظام میں اظہاررائے کا حق اپنی جگہ لیکن ایک دوسرے کی عزت وتکریم بھی لازمی کی جانی چاہیے اور فیصلہ عوام پر چھوڑنا چاہیے۔