کوئٹہ: حلقہ این اے 260کے انتخابی سرگرمیوں کاسلسلہ جاری ہے ۔ پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام گزشتہ روز فاروقیہ ٹاؤن حاجی پائند خان کی رہائش گاہ محمود آباد ، تختانی بائی پاس، بھوسہ منڈی ،وزیر ستان یونٹ میں بڑے جرگوں کا انعقاد کیا گیا ۔
جس سے حلقہ این اے 260سے پشتونخوامیپ کے نامزد امیدوار جمال خان ترکئی پارٹی رہنماؤں جمشید خان دوتانی ، کبیر افغان ، منان نصرت ، کونسلر حمد اللہ بڑیچ، جان خان اچکزئی ، ظہور افغان ، ڈاکٹر حیات بڑیچ ،محمد حیات خان ، ملک دین محمد ، خیر اللہ وزیر اور صادق عسکر نے خطاب کیا ۔
مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ سیاست کو عبادت کا درجہ دیتی ہے اور اسی جذبے سے عوامی خدمت کو یقینی بناتی ہے پشتونخوامیپ نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کو اپنا شعار بنایا ہے اور 15جولائی کے آنیوالے انتخابات میں بھی پشتونخوامیپ کے کارکن اپنے امیدوار کی کامیابی کو یقینی بناکر یہ ثابت کریگی کہ پارٹی عوام کی نمائندہ قومی سیاسی پارٹی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پشتونخوامیپ نے حلقہ پی بی5میں گزشتہ چار سالوں کے دوران ترقیاتی سکیمات کا جال بچھایا ہے اوربلا امتیاز لوگوں کی خدمت کی جارہی ہے ۔ پشتونخوامیپ کے ممبر صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے حلقہ پی بی 5میں جس طرح عوام کے مسائل اور مشکلات کو حل کیا ہے اس کی ہمیں ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
علاقے میں تعلیمی صورتحال کی بہتری کیلئے خصوصی توجہ کی گئی ہے ۔ اور 24نئے سکول بنا کر اور پرانے سکولوں کو اپ گریڈ کرکے ان کی تعلیمی معیار کو بہتر بنا کر ہزاروں بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔
حلقہ پی بی 5میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ ایک اذیت ناک صورتحال اختیار کر چکا تھا پشتونخوامیپ حلقہ پی بی5میں 51نئے ٹیوب ویلز لگاکر منظم انداز میں پانی سپلائی کا طریقہ واضح کرکے ہزاروں افراد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی ہے ۔
پشتونخوامیپ کا کوئٹہ کے متعدد علاقوں میں بڑے جرگوں کا انعقاد
وقتِ اشاعت : June 23 – 2017